اسپین میں کھدائی کے دوران 2 ہزار سال پرانا رومی مجسمہ دریافت

میڈرڈ(جانوڈاٹ پی کے)اسپین میں تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کو ایسی دریافت کی ہے جس نے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کو بھی حیران کر دیا ہے۔

الی کانتے کے مشہور سیاحتی ساحل ’المادربا‘ پر کھدائی کے دوران مزدوروں نے رومی دور کا تقریباً دو ہزار سال پرانا سنگِ مرمر سے بنا ’بسٹ‘ (گردن یا کندھوں تک کا مجسمہ) دریافت کر لیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ یہ نایاب مجسمہ تقریباً مکمل حالت میں محفوظ تھا لیکن صرف ناک کا ایک چھوٹا سا حصہ متاثر ہوا تھا۔

ابتدا میں مزدوروں کو لگا کہ شاید یہ سنگِ مرمر کا عام سا ٹکڑا ہے، مگر جب ماہرین موقع پر پہنچے تو انہوں نے انکشاف کیا کہ یہ تاریخی شاہکار پہلی یا دوسری صدی عیسوی کا ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ دریافت الی کانتے میں رومی دور کے مجسموں سے متعلق اب تک کی اہم ترین دریافتوں میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ سفید سنگِ مرمر سے بنا ایک خوبصورت سر ہے، جس کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر رومی دیوی ’وینس‘ کی شبیہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button