میرپورخاص میں دن دہاڑے سونار کی دکان پر مسلح ڈکیتی، لاکھوں مالیت کا سونا، چاندی اور نقدی لوٹ لی گئی

میرپورخاص(شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) شہر کے مصروف تجارتی علاقے سرسید روڈ پر دن دہاڑے سونار کی دکان پر مسلح ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کا سونا، چاندی، نقدی اور اہم دستاویزات لوٹ کر فرار ہوگئے، جس کے بعد تاجروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق دو مسلح افراد نے سوائی مل اور اویناش کی سونار شاپ پر دھاوا بولتے ہوئے دکاندار اور اس کے بیٹے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
متاثرہ دکاندار اویناش کے مطابق ملزمان تقریباً چھ سے سات کلو چاندی، ڈھائی سے تین تولہ سونا، نقد رقم اور ضروری دستاویزات ساتھ لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرنے اور مزاحمت کی کوشش بھی کی، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق فرار کے دوران ڈاکو موٹر سائیکل سے گر بھی گئے تھے، مگر موقع پر موجود افراد انہیں پکڑنے میں ناکام رہے۔
واقعے کے بعد تاجر برادری نے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
اطلاع ملنے پر ایس ایس پی میرپورخاص سید فدا حسین شاہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔



