مٹھی میں دو سینئر بلدیاتی ملازمین کی ریٹائرمنٹ، الوداعی تقریب میں خراجِ تحسین پیش

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی) ضلع تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی کی میونسپل کمیٹی کے دو اہم اور سینئر محنتی ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر اسٹاف کی جانب سے الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔
مٹھی میونسپل کمیٹی کے دو محنتی اور جفاکش ملازمین پریم کمار جوشی اور نریندر کمار مہیشوری اپنی ملازمت کی مدت پوری کرکے آج ریٹائر ہوگئے۔
اس الوداعی تقریب میں میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملانی، چیف میونسپل آفیسر، انجینئر، دفتر کا عملہ، منتخب کونسلرز، شہریوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی مٹھی نے اپنے خطاب میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کو محنتی، ایماندار اور فرض شناس شہری خدمتگار قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
اسی طرح چیف میونسپل آفیسر نے بھی ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس پروقار تقریب میں انہیں اجرکیں اور دیگر تحائف بھی پیش کیے گئے۔ میونسپل کمیٹی کے عملے نے پرجوش انداز میں انہیں بڑے احترام کے ساتھ الوداع کہا۔



