وزیراعظم کی تبدیلی کی افواہیں مسترد، حکومت مدت پوری کرے گی، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (24 نیوز) وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے بجٹ کے بعد وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ بعض عناصر غیر مصدقہ اطلاعات پھیلا کر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وزیراعظم کی تبدیلی کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں۔
ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا بجٹ کے بعد وزیراعظم تبدیل ہو رہے ہیں؟ رانا ثنااللہ نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بالکل غلط بات ہے، ایسا کوئی معاملہ نہیں۔ وزیراعظم اس وقت بہترین انداز میں ملک کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر جس عزت، وقار اور سفارتی اہمیت حاصل ہوئی ہے، ایسے موقع پر اس قسم کی بحثیں ملک دشمن عناصر کی جانب سے کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی ہے اور اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی اور حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی اور مثبت سفارتی مقام حاصل ہوا ہے۔



