کوہاٹ میں طوفانی بارش کا قہر، مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق


کوہاٹ(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں طوفانی بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ تحصیل لاچی کے علاقے ماگین میں پیش آیا، جہاں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مقامی افراد کے تعاون سے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبہ ہٹا کر متاثرین کو نکالا اور لاشوں و زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
حکام کے مطابق زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور متعلقہ ادارے مزید کارروائیوں میں مصروف ہیں۔