لاڑکانہ:ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے انقلاب کی ضرورت ہے، کرپشن کی سزا سزائے موت ہونی چاہیے، سید راشد علی شاہ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے ) پیر پگارا کے فرزند سید راشد علی شاہ نے لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے ملک اور سندھ کی موجودہ صورتحال پر کھل کر اظہار خیال کیا، انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہی ہے اور آج بھی اسی موقف پر قائم ہے تاہم اب سندھ میں منشیات کے عوض بھی منتھلی لی جا رہی ہے جس سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں اور کالجوں میں آئس جیسی خطرناک منشیات تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ مہنگائی کے مقابلے میں تنخواہیں نہ ہونے کے برابر ہیں اور حکومت عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے، انہوں نے گندم اسکینڈل کو فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام بری طرح متاثر ہوئی ہے، سید راشد علی شاہ نے الزام عائد کیا کہ تھانے پیسوں پر بک رہے ہیں اور ہر طرف کرپشن کا راج ہے یہاں تک کہ ادویات میں بھی دونمبری ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے سخت انقلاب کی ضرورت ہے اور کرپشن کی سزا سزائے موت ہونی چاہیے، انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ فنکشنل کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے لاڑکانہ سے مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور جلد ہی کئی اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہوں گی، ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے تمام اضلاع میں جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے، عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مثبت ثالثی کردار ادا کیا جبکہ جنرل عاصم منیر کی کارکردگی قابل تعریف ہے انہوں نے مزید کہا کہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے مگر نااہل حکمرانوں کی وجہ سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا، انہوں نے جمہوریت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام میں عوام اور حکمرانوں کے درمیان فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے، آخر میں انہوں نے کہا کہ ان کے والد پیر پگارا کرپٹ افراد کو پارٹی میں شامل نہیں کرتے اور وہ صاف و شفاف سیاست کے حامی ہیں. اس موقع پر سابق ایم پی اے معظم خان عباسی اور حسنین مرزا بھی موجود تھے.

مزید خبریں

Back to top button