قطر کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، مکمل یکجہتی کا اظہار

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) قطر نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثی ملیشیا کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم و وزیر خارجہ قطر نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس کے دوران سعودی عرب کو حوثی حملوں کے تناظر میں قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ کشیدگی میں کمی کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

قطر کی جانب سے یہ مذمت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں پر مسلسل دوسرے روز بھی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے۔ سعودی حکام کے مطابق حالیہ حملوں میں شہریوں کے ساتھ ساتھ توانائی اور عسکری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

قطری حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون اور یکجہتی جاری رکھی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button