عوام کو نئے صوبوں کا لولی پاپ دینے سے پہلے ایم کیو ایم اپنے ماضی کا حساب دے،قادر پٹیل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بدترین سیاسی ناکامی کے بعد ایک بار پھر صوبے کا کارڈ کھیل رہی ہے۔

اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جب بھی عوامی حمایت کھوئی، تقسیم اور نئے صوبے کا شوشہ چھوڑا۔ سندھ کے عوام کو نئے صوبوں کا لولی پاپ دینے سے پہلے ایم کیو ایم کو اپنے ماضی اور سیاسی کردار کا جواب دینا چاہیے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ مصطفیٰ کمال ماضی میں خود خالد مقبول صدیقی کو را کا ایجنٹ قرار دے چکے ہیں، جبکہ ان کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ خالد مقبول صدیقی بھارت گئے اور وہاں اپنا پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی قوم کو بتائیں کہ مصطفیٰ کمال اس وقت درست کہہ رہے تھے یا غلط۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خالد مقبول صدیقی ماضی میں عائد کیے گئے ان الزامات کی وضاحت کریں اور بتائیں کہ مصطفیٰ کمال اس وقت جھوٹ بول رہے تھے یا آج سچ بول رہے ہیں۔

قادر پٹیل نے مزید کہا کہ کل تک ایک دوسرے کے کردار اور وفاداری پر سوال اٹھانے والے آج سندھ کے مستقبل کے فیصلے کرنے نکلے ہیں۔ عوام کو نئے صوبوں کا لولی پاپ دینے سے پہلے یہ بھی بتایا جائے کہ ماضی میں کراچی میں بوری بند لاشوں کی سیاست کس کا کلچر تھی اور بھتے کی لالچ میں شہر کی صنعتوں کو کس نے نقصان پہنچایا۔

انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کیے جائیں اور عوام و ملکی معیشت کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کا جواب دیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سندھ، بالخصوص کراچی کے عوام کسی ایسے سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا مقصد لسانی بنیادوں پر تقسیم پیدا کرنا ہو۔

قادر پٹیل نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی جتنی بار صوبے کا کارڈ کھیلیں گے، عوام اتنی ہی بار ان سے حساب مانگیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button