پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کی منظوری دے دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف ممکنہ اقدامات سمیت مختلف سیاسی امور پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں لانگ مارچ، خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدام اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے آغاز کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جنوبی اضلاع سے مارچ کا آغاز کریں گے، جبکہ حتمی پڑاؤ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کو حکومت مخالف تحریک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ کئی ہفتوں پر محیط سیاسی سرگرمیوں کے بعد مارچ اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لانگ مارچ شروع کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے خلاف وفاقی سطح پر کسی بھی اقدام کا سیاسی طور پر جواب دیا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ ہونے کی صورت میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کی حکمت عملی زیر غور ہے۔

پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے ممکنہ وفاقی اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے قانونی ٹیم تشکیل دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button