تھرپارکر: مالو میگھواڑ ڈھانی کے مکینوں کا خواتین اور بچوں سمیت بااثر افراد کے ظلم کیخلاف شدید احتجاج

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی) ضلع تھرپارکر کے تعلقہ کلوئی کے قریب کیٹی میں مالو میگھواڑ ڈھانی کے رہائشیوں نے علاقے کے بااثر افراد کے خلاف خواتین اور بچوں سمیت ہاتھوں میں گاؤں آباد اسکیم کی منظور شدہ اسناد اور زمینوں کے کاغذات اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔
میندھرو میگھواڑ، سانوڻ مل، فوٹو مل، گاگو مل، دلیپ کمار، سہیل کمار، گلاب رائے اور دیگر احتجاج کی قیادت کر رہے تھے۔
انہوں نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر ظلم کیا جا رہا ہے، بااثر افراد کے کہنے پر حسین لنڈ، خمیسو لنڈ، عبدالرحیم اور دیگر مسلح ہو کر ہمیں ہراساں کر رہے ہیں، ہماری جھونپڑیوں کو آگ لگائی گئی، باڑیں جلائی گئیں، کل دوبارہ حملہ کیا گیا جس میں تشدد کر کے ہمارے بچے شوکت کمار کو بے ہوش کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم خوف میں مبتلا ہیں، بااثر افراد ہمیں گاؤں خالی کرنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہماری ڈھانی میں قائم سرکاری اسکول کی عمارت پر قبضہ کر کے اسے مویشیوں کا باڑا بنا دیا گیا ہے، جبکہ عمارت کا لوہا اور فرنیچر چوری کر لیا گیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کلوئی پولیس کو درخواست دے چکے ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، نہ ہی مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔



