صدر اور وزیر اعظم کا خاتون کے تحفظ میں جان قربان کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کوخراجِ عقیدت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بے گناہ خاتون کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا اعلیٰ انسانی اقدار اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔صدرِ مملکت نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر اس طرح کی واردات باعث تشویش ہے، ایسے واقعات کے مکمل سدباب کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک خاتون کی جان و عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بے مثال جرأت، بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔ قوم ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔



