بجلی صارفین پر 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا نے منظوری دے دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کمپنی کو سسٹم اخراجات کی مد میں 200 ارب روپے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی نے گزشتہ تین برس کے ریونیو اخراجات کی وصولی کے لیے نیپرا سے رجوع کیا تھا، جس پر سماعت مکمل ہونے کے بعد ریگولیٹر نے اپنا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے کے مطابق ان اخراجات کی وصولی یکم اگست 2026 سے شروع کی جائے گی۔ یہ رقم ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)، جن میں لیسکو سمیت دیگر ادارے شامل ہیں، کے ذریعے صارفین سے وصول کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈسکوز کو ٹیرف کی مد میں اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بجلی کے ماہانہ بلوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ وصولیاں نیشنل گرڈ کے سسٹم اخراجات کی ادائیگی کے لیے کی جائیں گی، تاہم اس کا براہِ راست اثر بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں پر پڑنے کا امکان ہے۔



