پیپلزپارٹی کا وفد آج محمود خان اچکزئی سے ملے گا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد آج اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کرے گا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شامل ہوں گے۔ وفد کی محمود خان اچکزئی سے ملاقات صبح 11 بجے اپوزیشن چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران جمہوری اداروں کو مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
ملاقات میں پارلیمان کے اندر اور باہر پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کے درمیان مشترکہ جدوجہد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق کشمیر انتخابات کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد دونوں جانب سے ملاقات طے کی گئی۔



