ایس ایس پی بدین کی کھلی کچہری،عوامی شکایات پر فوری احکامات جاری

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے) ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کہا ہے کہ پولیس کو ہر صورت غیر جانبدار رہتے ہوئے پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینا ہوں گے، پولیس کو کسی بھی طور سیاسی ٹول کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے اور ہماری اولین ترجیح انصاف کی فراہمی ہے۔انہوں نے پنگریو تھانے کے احاطے میں کھلی کچہری سے خطاب اور بعد ازاں پریس کلب پنگریو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات کوتاہیاں ہو جاتی ہیں مگر ادارے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور کسی بھی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زمین اور ریونیو سے متعلق تنازعات میں بھی پولیس کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے تاہم ہر کیس میں میرٹ اور قانون کو ترجیح دی جا رہی ہے، گندم کے کھلیان کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی ایف آئی آر پر شفاف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ایس ایس پی بدین نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، گزشتہ سال تقریباً دو ہزار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ آئس کے مقدمات میں دو ہزار چوبیس میں آٹھ اور دو ہزار پچیس میں بیالیس کیسز درج کیے گئے ہیں، واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے والے کسی اہلکار کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں جا کر عوامی مسائل سنیں اور ان کے حل کو یقینی بنائیں، پولیس وہ واحد محکمہ ہے جو چوبیس گھنٹے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کام کرتا ہے، اس لیے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہتر رویہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ماضی میں پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت رہی ہے تاہم اب کوشش ہے کہ ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں امن و امان کے قیام، منشیات کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس پُرعزم ہے جبکہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر فوری ریلیف فراہم کرنا ہے، اگرچہ بعض مسائل ایسے بھی سامنے آتے ہیں جن کا تعلق براہ راست پولیس سے نہیں ہوتا تاہم ان کے حل کے لیے بھی متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مثبت اور ذمہ دار صحافت عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور پولیس و میڈیا کا باہمی تعاون معاشرے میں بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔کھلی کچہری میں مختلف افراد نے پولیس، ریونیو اور دیگر محکموں کے حوالے سے شکایات پیش کیں جن پر ایس ایس پی بدین نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈی ایس پی بدین پیر شبیر حیدر، سی آئی اے انچارج گل حسن لغاری اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے



