دیپالپور میں پولیس مقابلہ، دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے) دیپالپور میں پولیس مقابلے کے دوران دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان اوکاڑہ پولیس کے مطابق تھانہ ڈھلیانہ کے علاقے پل فتیانہ کے قریب دورانِ گشت پولیس پارٹی نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہو گئے جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ دیگر دو ملزمان فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت خالد اور مبارک کے ناموں سے ہوئی ہے جو ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے جبکہ زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



