فوجی دستے دینے والے ممالک عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں،وزیر اعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یو این امن دستوں کے عالمی دن پر پیغام میں اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے مرد و خواتین کوخراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ دن امن محافظین کی گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کے لیے مخصوص ہے، اس سال اس دن کا موضوع امن میں سرمایہ کاری رکھا گیا ہے، یہ دن دنیا بھر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سیاسی عزم اور مالی معاونت کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ20لاکھ سے زائد مرد و خواتین اقوامِ متحدہ کے70سے زیادہ امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، پاکستان یو این امن مشنز میں سب سے طویل عرصے سےخدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے، فوجی دستے دینے والے ممالک عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی طور پر امن کو ایک مشترکہ عالمی ترجیح قرار دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے،1960ء سے اب تک پاکستان نے48سے زائد یو این امن مشنز میں2لاکھ35ہزار سے زیادہ اہلکار بھیجے،2لاکھ35ہزار سے زیادہ اہلکاروں میں500سے زائد خواتین امن محافظین بھی شامل ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی فخر کی بات ہے کہ پاکستان آج اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پانچواں بڑا حصہ دار ملک ہے، 4 ہزار 400 سے زائد اہلکار دورانِ ڈیوٹی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، 181 سے زائد پاکستانی امن محافظین بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں شامل ہیں، پاکستان اپنے شہداء اور تمام بہادر بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button