مون سون شجرکاری کا آغاز، درختوں کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے، صدر مملکت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مون سون شجرکاری مہم 2026 کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں درختوں کے تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے عوام سے مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم 2026 کے تحت ملک بھر میں 2 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جنگلات حیاتیاتی تنوع، آبی وسائل اور ماحول کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے۔
انہوں نے شہریوں، نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور مقامی آبادی پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کریں اور مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والی موزوں درختوں کی اقسام لگانے پر خصوصی توجہ دیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور پائیدار زمین کے انتظام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ مون سون شجرکاری مہم ماحولیاتی ذمہ داری اور اجتماعی اقدام کی دعوت ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سرسبز، صاف اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں مضبوط پاکستان کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج لگائے جانے والے درخت آنے والی نسلوں کے صحت مند، محفوظ اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔



