ڈاکٹر محمد سلمان 3 سال کیلئے پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز ہسپتال کے گریڈ 21 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کی 4 ماہ کیلئے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان کو 3 سال کیلئے پمز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد سلمان این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہیں گے۔
دوسری جانب ڈاکٹر الطاف حسین کو 3 ماہ کیلئے پمز ہسپتال کا جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہسپتال کے دیگر شعبوں سے متعلق بھی انتظامی نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پمز سانحے پر ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افراد کو فوری معطل کرکے کارروائی کی منظوری دی تھی۔
معطل ہونے والوں میں جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی محمد عثمان، سی ڈی اے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی عبدالرحمان، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سعدیہ ریاض اور سینئر رجسٹرار بھی شامل تھے۔ سکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے متعلقہ عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی تھی۔



