سانحہ پمز کے زخم تازہ، حمزہ شہباز غمزدہ خاندانوں کا دکھ بانٹنے پہنچ گئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سانحہ پمز میں 14 نومولود بچوں کی المناک موت کے بعد غمزدہ خاندانوں کے زخم تاحال تازہ ہیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور ان کا غم بانٹنے کے لیے پمز پہنچ گئے۔
حمزہ شہباز نے جاں بحق ہونے والے دو بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوئی وضاحت یا الفاظ متاثرہ خاندانوں کے غم کو کم نہیں کرسکتے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وہ یہاں کسی سیاسی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک انسان کی حیثیت سے آئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کا دکھ بانٹ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں ایک خاندان ایسا ہے جس کے دو بچے اللہ کو پیارے ہوگئے، ان کی حالت پہلے تشویشناک تھی تاہم اب سنبھل گئی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سانحہ پمز پر پوری قوم رنجیدہ ہے اور یہ ایسے زخم ہیں جنہیں مندمل ہونے میں وقت درکار ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوشش کی جائے گی کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔
حمزہ شہباز نے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے غم کو سکون میں بدل دے اور انہیں صبر عطا فرمائے۔



