ہم جنس شادی کا الزام، کراچی ایئرپورٹ پر تھائی لینڈ جانے والے دو پاکستانی مسافر آف لوڈ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ایف آئی اے امیگریشن نے تھائی لینڈ کے راستے یورپ جانے اور وہاں اکٹھے رہنے کے ارادے سے سفر کرنے والے دو پاکستانی مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں کی شناخت مظفر گڑھ کے رہائشی شاہد اور سیالکوٹ کے رہائشی خلیل کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں پاکستانی پاسپورٹس اور سیاحتی ویزوں پر تھائی لینڈ جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن حکام کی جانچ پڑتال کے دوران شاہد نے بتایا کہ وہ طویل عرصے تک یورپ میں مقیم رہا ہے اور خلیل کے ساتھ تھائی لینڈ جا کر ہم جنس شادی کرنا چاہتا ہے، جسے بعد ازاں یورپ میں رجسٹر کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق دوسرے مسافر خلیل نے بھی سفر کے مقصد کی تصدیق کی۔ اس کا کہنا تھا کہ شاہد سے اس کی ملاقات 2017 میں ہوئی تھی اور اس کے بعد دونوں رابطے میں رہے۔ خلیل کے مطابق شاہد اسے ماہانہ تقریباً 60 ہزار روپے مالی معاونت بھی فراہم کرتا رہا ہے، جبکہ دونوں یورپ میں اکٹھے رہنا چاہتے ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مسافروں کے بیان کردہ سفری مقصد، تھائی لینڈ کے دورے کی نوعیت اور ممکنہ طور پر آگے یورپ جانے کے ارادے کے حوالے سے مزید جانچ پڑتال ضروری سمجھی گئی، جس کے باعث دونوں کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ امیگریشن حکام مسافروں کے سفری دستاویزات اور سفر کے بیان کردہ مقاصد کی جانچ پڑتال متعلقہ قوانین اور ضابطہ کار کے مطابق کرتے ہیں۔



