ایجبسٹن ٹیسٹ:پہلے دن پاکستان پہلی اننگز میں 133 رنز بناکر آؤٹ،انگلینڈ نے 4 وکٹ پر 156 رنزبنا لیے

برمنگھم(جانوڈاٹ پی کے)برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ پر تیسرے اور آخری ٹیسٹ کا ٹاس میزبان انگلینڈ کے کپتان جوروٹ جیتے اور انہوں نے پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔
انگلینڈ نے ہیڈنگلے اور لارڈز پر کھیلنے والی اپنی 11 ارکان پر مشتمل ٹیم کو برقرار رکھا، لیکن پاکستان نے 4 تبدیلیاں کیں۔
وکٹ کیپر محمد رضوان، اوپنر امام الحق فاسٹ بولر خرم شہزاد اور اسپنر علی عثمان کی جگہ اوپنر صائم ایوب کے ساتھ 3 کھلاڑیوں وکٹ کیپر غازی غوری، آل راونڈر عمران رندھاوا اور فاسٹ بولر رضا اللہ کو ڈیبیو کروایا گیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا، جنوری 2025ء کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر صائم ایوب تیسرے اوور میں 10 گیندیں کھیل کر صفر پر پویلین لوٹنے والے پہلے بیٹر تھے۔
اس کے بعد تو پاکستان کی وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ کھانے کے وقفے تک 7 وکٹیں گر چکی تھیں، واروکشائر کاؤنٹی کے ہوم گراؤنڈ پر جہاں 1994ء میں ڈرھم کے لئے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی سب سے بٹری 501 ناٹ آوٹ رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کے بلے باز جیسے بیٹنگ کرنا ہی بھول چکے تھے، ایک بیٹر آرہا تھا اور دوسرا جا رہا تھا، پاکستان کی اننگز کے 14ویں اوور میں سعود شکیل خوش قسمت ثابت ہوئے، جب سلپ میں بین ڈکٹ نے گس ایٹکنسن کی گیند پر 7 رنز پر ان کا کیچ گرا دیا۔
پاکستان کی اننگز میں پہلے7 بلے باز ڈبل فیگر میں نا پہنچ سکے، نمبر 9 پر رضا اللہ نے 11 اور نمبر 10 پر کھیلنے والے محمد عباس نے 21 رنز بنائے۔
البتہ پاکستان کی اننگز میں ٹاپ اسکورر سعود شکیل ثابت ہوئے، جنہوں نے نمبر 6 پر بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 9 چوکوں کے ساتھ 43 رنز اسکور کئے۔
کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان ٹیم 33 اعشاریہ 5 اوورز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، دورہ انگلینڈ کی 5 اننگز میں یہ تیسرا موقع تھا، جب پاکستان ٹیم 40 اوورز نا کھیل سکی۔
انگلینڈ کےلئے جوش ٹونگے نے 4/42 کی عمدہ بولنگ پرفارمنس پیش کی جبکہ اولے رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز میں صائم ایوب کو ایل بی ڈبلیو کر کے رابنسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100وکٹ حاصل کی، سسیکس کاؤنٹی کے 32 سال کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر کا یہ 24 واں ٹیسٹ ہے۔
جواب میں پہلے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 39 اوورز کی بیٹنگ میں 4 وکٹ کے نقصان پر 156 رنز بناکر پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری اپنے نام کر لی تھی۔
اوپنر ایمیلو گے نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہیری بروک 52 اور ڈین لارنس 5 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر رضا اللہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 3 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔ وکٹ کیپر غازی غوری، فاسٹ بولر رضا اللّٰہ اور عمران رندھاوا کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
غازی غوری کو سعود شکیل، محمد عباس نے رضا اللّٰہ اور عمران رندھاوا کو بابر اعظم نے ٹیسٹ کیپ دی۔
صائم ایوب، اذان اویس، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، شان مسعود، سعود شکیل اور محمد علی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے میچ میں گرین کیپس کو اننگز اور 103 رنز سے جبکہ دوسرے میچ میں 194 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی۔



