محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کے لیے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کی کوششوں نے پاکستان کو عالمی امن کے علمبردار کے طور پر نمایاں کیا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اپ سکیل پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں جس کے ذریعے پاکستانی اداروں کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ متعدد دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے سرگرم ہیں اور افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button