پاک بحریہ کا کامیاب ریسکیو آپریشن، شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بچا لیا


کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نیوی کے جنگی جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں انجن کی خرابی کے باعث پھنس جانے والی ایک ماہی گیر کشتی کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ ساحل تک پہنچا دیا۔
پاک بحریہ کے مطابق ماہی گیر کشتی گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن خراب ہونے کے باعث سمندر میں پھنس گئی تھی۔ کامیاب آپریشن کے دوران کشتی پر سوار 19 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے۔
ریسکیو آپریشن جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کے بعد شروع کیا گیا، جس نے سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے پاک بحریہ سے رابطہ کیا تھا۔
پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملے کو فوری طور پر خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد فراہم کی، جبکہ خراب کشتی کو محفوظ طریقے سے کھینچ کر ساحل تک منتقل کیا گیا۔
پاک بحریہ کے مطابق یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ، بروقت امدادی کارروائیوں اور ہر وقت آپریشنل تیاری کے عزم کا مظہر ہے۔