پاکستان اور کینیڈا میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، اسحاق ڈار اور انیتا آنند کے درمیان مذاکرات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی اس سے قبل سوئٹزرلینڈ میں بھی ملاقات ہو چکی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل سفارتی رابطے برقرار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کا قیمتی سرمایہ ہے، جبکہ انیتا آنند کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو نئی رفتار فراہم کرے گا۔
اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں تین لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد شہری آباد ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کے مطابق زراعت، صنعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انیتا آنند کا استقبال کیا، انہیں دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام سے متعارف کرایا اور دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں مصافحہ کیا۔
دورے کے دوران کینیڈین وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی، جن میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔



