پاکستان اور بنگلہ دیش کا خواتین کو بااختیار بنانے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور بنگلہ دیش نے خواتین کو بااختیار بنانے، تجارت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر زاہد حسین نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس میں شرکت پر بنگلہ دیشی وزیر کا خیرمقدم کیا۔
اسحاق ڈار نے او آئی سی پلیٹ فارم سمیت دیگر عالمی فورمز پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی۔
ملاقات میں تجارت، تعلیم، سماجی بہبود، عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔