غزہ امن منصوبے پر اہم پیش رفت، پاکستان کا خیرمقدم، آزاد فلسطینی ریاست کے مطالبے کا دوٹوک اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی جانب ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان غزہ میں امن کے لیے ہونے والی حالیہ سفارتی پیش رفت کو خوش آئند سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی مسلسل ثالثی اور سفارتی کوششوں کو سراہتا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان کو توقع ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف غزہ امن منصوبے پر مکمل عملدرآمد کی راہ ہموار کرے گی بلکہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

دفتر خارجہ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جاری سفارتی کوششیں فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔ پاکستان نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی برادری کی قانونی ذمہ داریوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد، جامع اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

پاکستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور پائیدار حل 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، جغرافیائی طور پر متصل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مزید خبریں

Back to top button