وزیراعظم کی پاکستانی سفارتخانوں کونوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی سفارتخانوں کونوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت نوجوانوں کو  روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لے کر آئیں، پروٹیکٹریٹ  آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائز کیا جائے،  وزارت اوورسیز  پاکستانیز، نیوٹیک، یوتھ پروگرام ہنر اور لینگویج کورسز معہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے، بین الاقوامی معیارکی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کے لیے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں، پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک روزگار کے مواقع سے آگاہی اور ڈیٹا فراہمی کے لیے اقدامات تیز کریں، پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنےکے لیے ادارے مختلف ممالک سے روابط مضبوط کریں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنےکے لیے تربیتی پروگرام جاری ہیں، پاکستانی سفارتخانے روزگار کے مواقع اور ان کے لیے درکار قابلیت ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پرفراہم کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button