اوکاڑہ: منشیات کیس میں مجرم کو 14 سال قید، 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا


اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) اوکاڑہ کی عدالت نے منشیات برآمدگی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم عمران کو 14 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل سیشن جج سیدہ نبیلہ جعفری نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ عدالت نے حکم دیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
استغاثہ کے مطابق سال 2025 میں تھانہ طیب سعید شہید پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم عمران کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 6 پیکٹ چرس برآمد کی تھی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
فیصلے کے بعد ڈی پی او اوکاڑہ نے مقدمے کی مؤثر پیروی پر پولیس کی لیگل ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف مجرم کو قانون کے مطابق اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔