اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، چور گینگ کے 3 ارکان گرفتار، 30 لاکھ کا مالِ مسروقہ برآمد


اوکاڑہ(وحیدآرائیں\جانوڈاٹ پی کے) تھانہ سٹی رینالہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث گینگ کے تین مبینہ ارکان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے تقریباً 30 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ناصر، اکرام اور حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 موٹر سائیکلیں، 3 تولہ طلائی زیورات اور 8 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے اوکاڑہ اور گردونواح میں درجنوں چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دیگر ساتھیوں اور مزید وارداتوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونے والا مال قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔