نصرت فتح علی خان کی قبر پر راحت فتح علی خان کی قوالی، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اپنے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کے ہمراہ لیجنڈری قوال استاد نصرت فتح علی خان کی آخری آرام گاہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے قوالی پیش کرکے اپنے استاد اور چچا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے نے قبر کے قریب بیٹھ کر کلام پیش کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مداح بھی موجود تھے۔
قبر پر قوالی کی ویڈیو وائرل
تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جن میں قوالی کے دوران بعض افراد کو ہوا میں نوٹ اچھالتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی۔ متعدد صارفین نے قبر کے قریب قوالی پیش کرنے اور نوٹ نچھاور کرنے کے انداز پر اعتراض کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ قبر کا احترام ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا، جبکہ دیگر صارفین نے بھی تقریب کے طریقہ کار پر تنقید کی۔
تاہم دوسری جانب راحت فتح علی خان کے بعض مداحوں نے اس عمل کو اپنے استاد اور چچا نصرت فتح علی خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک انداز قرار دیا اور ان کے جذبات کی حمایت کی۔
نصرت فتح علی خان کا عالمی موسیقی میں منفرد مقام
راحت فتح علی خان نے اپنے فنی سفر کے ابتدائی دور میں اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ بھی پرفارم کیا۔ بعد ازاں انہوں نے قوالی اور گائیکی کی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی اور عالمی سطح پر بھی شہرت حاصل کی۔
استاد نصرت فتح علی خان اگست 1997 میں 48 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کی وفات کو تقریباً تین دہائیاں گزرنے کے باوجود ان کی قوالیاں اور گیت آج بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں۔



