نرسز کے لیے سفید یونیفارم دوبارہ بحال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے نرسز کے یونیفارم میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ڈھائی سال بعد گہرے نیلے رنگ کی جگہ دوبارہ سفید یونیفارم بحال کر دی ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تمام خواتین اور مرد نرسز کے لیے سفید یونیفارم لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
ہدایات کے مطابق خواتین نرسز سفید شلوار قمیض، سفید کوٹ، سفید دوپٹہ اور کالے جوتے پہنیں گی، جبکہ سردیوں میں کالے رنگ کی جرسی یا کوٹ استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح مرد نرسز کے لیے سفید شرٹ، سفید ٹراؤزر اور کالے جوتے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ سردیوں میں سیاہ جرسی یا کوٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان نرسنگ کونسل نے واضح کیا ہے کہ آئی سی یوز اور آپریشن تھیٹرز میں نرسز متعلقہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ یونیفارم پہنیں گی۔
واضح رہے کہ جنوری 2024 میں نرسز کا یونیفارم سفید سے گہرے نیلے رنگ میں تبدیل کیا گیا تھا، تاہم اب ڈھائی سال بعد اسے دوبارہ سفید کر دیا گیا ہے۔



