راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی؛ پانی 22 فٹ سے تجاوز کر گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد انتظامیہ نے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی۔
انتظامیہ کی جانب سے نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واسا کی ٹیمیں اور بھاری مشینری نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے جمعے تک بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ دریائے سندھ کے کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ ملک کے دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث میٹرو بس کی چھت بھی ٹپکنے لگی، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چھت سے پانی ٹپک کر نشستوں پر جمع ہوگیا۔
اسلام آباد کے ایف سیون اور ایف ایٹ سیکٹرز سمیت کھنہ ایسٹ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔



