این سی سی آئی اے نوٹس پرنورین نیازی کاتحریری جواب جمع،الزامات مستردکردیئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ  پی کے)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نوٹس کا وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرا دیا۔نورین نیازی نے اپنے جواب میں نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نوٹس میں الزامات اور متعلقہ قانونی شقیں واضح نہیں ہیں۔ انہوں نے این سی سی آئی اے سے شکایت اور الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

تحریری جواب میں نورین نیازی نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی اور کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں مکمل تعاون کریں گی تاہم اپنے آئینی و قانونی حقوق محفوظ رکھتی ہیں۔نورین نیازی کے وکیل فیصل ملک ایڈوکیٹ نے این سی سی آئی اے کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نوٹس میں ایڈریس بھی غلط درج تھا اور اس کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شکایت ہے تو اس کی کاپی فراہم کی جائے اور واضح کیا جائے کہ کس قانون کے تحت نورین نیازی کو طلب کیا گیا ہے۔وکیل کے مطابق نورین نیازی کا ابتدائی جواب جمع کرا دیا گیا ہے اور مزید تفصیلات کے لیے چار ہفتوں کی مہلت مانگی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نورین نیازی اس وقت بیرون ملک ہیں، اس لیے فوری پیشی ممکن نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button