شہدا اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں، قربانیوں کو معمولی قرار دینا ناقابلِ قبول ہے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو معمولی قرار دینا افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، ملکی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ شہدا کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا یا ان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے ہر شہری کا حق ہے، تاہم شہدا کے خلاف توہین آمیز گفتگو قومی یکجہتی اور قومی مفاد کے منافی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی اور وطن کے دفاع سے متعلق اداروں کے احترام سے الگ رکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے سیاسی و سماجی حلقوں پر زور دیا کہ ایسی زبان کے استعمال سے گریز کیا جائے جس سے قومی اداروں یا شہدا کے لواحقین کے جذبات مجروح ہوں۔

مزید خبریں

Back to top button