بھارتی مظالم کشمیریوں کا جذبۂ حریت ختم نہیں کر سکتے، صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا یومِ سیاہ پر پیغام

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں کہا ہے کہ بھارت اپنے تمام تر ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو ختم نہیں کر سکتا۔ دونوں رہنماؤں نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر کو اہلِ جموں و کشمیر اور پاکستانی قوم یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، کیونکہ اسی روز 1947ء میں بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجیں اتار کر غیر قانونی اور غیر آئینی قبضہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، جہاں 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں، آزاد کشمیر کا ہر بچہ، ماں اور بزرگ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے روکنے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے ریاست پر قبضہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بربریت کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام نے آزادی کی شمع روشن رکھی ہوئی ہے اور ان کا جذبہ نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی استقامت، حوصلے اور آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکے۔
افتخار گیلانی نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ان شاء اللہ ایک دن پوری ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔



