پاکستان کی آبادی کئی گنا بڑھ گئی، صوبے آج بھی چار ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پر واضح کردیا ہے کہ ہم انتظامی یونٹس کی بات کرنے والی ہر تحریک کا حصہ ہوں گے۔

سرجانی ٹاؤن کراچی میں جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو آبادی 4 کروڑ تھی، آج پاکستان کی آبادی 24 کروڑ ہوگئی لیکن صوبے 4 ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، 20 لاکھ جانوں کی قربانی کے بعد پاکستان قائم ہوا۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ 40 سال سے 98 فیصد پاکستانیوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی پر واضح کردیا کہ ایم کیو ایم انتظامی یونٹس کی بات کرنے والی ہر تحریک کا حصہ ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے آئینی ترمیم پر معاہدہ ہوا کہ اختیار نچلی سطح تک منتقل ہوں، وزیراعظم سمیت تمام سیاسی جماعتیں اختیارات کی نچلی سطح منتقلی کےلیے تیار ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے بغیر کسی دلیل کے 140 اے کی آئینی ترمیم مسترد کردی۔ 27ویں ترمیم کے موقع پر وزیراعظم متفق تھے لیکن پیپلز پارٹی نے ویٹو کردیا۔

مزید خبریں

Back to top button