صوبوں سے متعلق معاملات آئین کے تحت پارلیمان میں حل کیے جانے چاہئیں، مرتضیٰ وہاب

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبوں سے متعلق معاملات آئین کے تحت پارلیمان میں حل کیے جانے چاہئیں، محض شوشے چھوڑنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوری طرز عمل اختیار کرنے کی بات کرتی ہے اور صوبوں کے معاملات بھی آئینی و پارلیمانی طریقہ کار کے تحت حل ہونے چاہئیں۔

میئر کراچی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ایم کیو ایم چائنہ کٹنگ کی ماہر ہے‘‘ اور کراچی کے خلاف پراپیگنڈا بند کیا جانا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ کراچی میں بہتری آئے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہر میں 155 نئی سڑکوں پر کام شروع کیا جائے گا، جبکہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں بلاک کرکے احتجاج کرنا مناسب عمل نہیں، احتجاج کے لیے ایسے طریقے اختیار کیے جانے چاہئیں جن سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میر رضا کی موت کے حوالے سے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ قتل ہے یا خودکشی، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔ ان کے مطابق لواحقین کو مطمئن کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور معاملے کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔

دریں اثنا میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لانڈھی میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے شہر میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button