محرم الحرام میں امن و امان کیلئے بدین پولیس متحرک، ایس ایس پی قمر رضا جسکانی کا علماء و عزاداری سیل کے نمائندگان سے اہم مشاورتی اجلاس


بدین(رپورٹ: مرتضی میمن\ جانوڈاٹ پی کے) ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہلِ تشیع رہنماؤں، علماء کرام، عزاداری سیل کے عہدیداران اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجالس، جلوسوں، سبیلوں، ٹریفک مینجمنٹ، حساس مقامات کی سکیورٹی اور عزاداروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایس ایس پی بدین نے کہا کہ محرم الحرام صبر، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ضلع بدین میں امن و امان کے قیام کیلئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صرف منظور شدہ مجالس، جلوسوں اور سبیلوں کی اجازت ہوگی جبکہ اشتعال انگیز تقاریر، فرقہ وارانہ مواد اور نفرت انگیز سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر بھی غیر مصدقہ اور اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے سے گریز کی ہدایت کی گئی۔
علماء کرام اور عزاداری سیل کے نمائندگان نے پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔