مرونل ٹھاکر نے تمنا بھاٹیہ کو اپنی ’گاڈ مدر‘ قرار دے دیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے) بالی وڈ اداکارہ مرونل ٹھاکر نے ساؤتھ انڈین اسٹار تمنا بھاٹیہ کو اپنی سرپرست قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی دوستی پر روشنی ڈالی ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ مرونل ٹھاکر اور تمنا بھاٹیہ کے درمیان دوستی ہے جو کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
حال ہی میں مرونل ٹھاکر نے تمنا بھاٹیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری گاڈ مدر (سرپرست) ہیں، میں دن کے کسی بھی وقت انہیں فون کر لیتی ہوں۔
مرونل ٹھاکر کے مذکورہ الفاظ سے نہ صرف ان کے باہمی تعلق کی گہرائی کا پتا چلتا ہے بلکہ ان کے اس یقین کو بھی تقویت ملتی ہے کہ خواتین کی آپسی دوستی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنے، خوشیاں بانٹنے اور ایک دوسرے کی کامیابیوں کا جشن منانے کا نام ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی مرونل ٹھاکر نے تمنا بھاٹیہ کے ساتھ اپنی بہنوں جیسی دوستی پر کھل کر بات کی تھی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ کسی لڑکی کا آپ کا بہترین دوست ہونا بہت اچھی بات ہے کیونکہ بچپن میں مجھے ہمیشہ ایسا لگتا تھا کہ میں لڑکیوں کے ساتھ دوستی نہیں کر سکوں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اب وہ خواتین کے ساتھ دوستی کا بھرپور لطف اٹھانے لگی ہیں۔ تمنا بھاٹیہ کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے ساتھ بلا جھجھک ہر بات شیئر کر سکتی ہوں۔
واضح رہے کہ مرونل ٹھاکر اپنی حالیہ ریلیز ’ڈاکو‘ کی کامیابی کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں جس میں ان کے ساتھ ادیوی شیش نے کام کیا ہے۔ اس ایکشن تھرلر فلم کی کامیابی کے بعد وہ اب ایک رومانوی کامیڈی فلم ’ہائے جوانی تو عشق ہونا ہے‘ میں نظر آئیں گی۔



