آزاد کشمیر انتخابات: ایم کیو ایم پاکستان کی ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی مکمل حمایت کرے گی۔

کراچی میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے مشترکہ فیصلے کے تحت ن لیگ کے امیدوار نعیم بھائی کی بھرپور حمایت کی جائے گی، جس سے مشترکہ امیدوار کی کامیابی کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی امیدوار سیدہ صائمہ فرید گزشتہ تین ماہ سے انتخابی مہم چلا رہی تھیں، تاہم انہوں نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ن لیگ کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے اور ان کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فاروق ستار نے نعیم بھائی کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کا یہ انتخابی تعاون آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی راہ ہموار کرے گا اور دونوں جماعتیں مؤثر شراکت داری کے ساتھ عوامی خدمت کریں گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وفد نے بھی اس بات پر اتفاق کیا کہ آزاد کشمیر میں مشترکہ فیصلوں اور ممکنہ حکومت سازی کے عمل میں ایم کیو ایم پاکستان کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button