موٹروے پولیس کی ایمانداری کی مثال، 10 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی بیگ اصل مالک کے حوالے


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے ایم 3 موٹروے پر گم ہونے والا تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی بیگ بحفاظت برآمد کرکے ضروری تصدیق کے بعد اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے ملتان جانے والے ایک شہری کا قیمتی بیگ بچیکی سروس ایریا میں رہ گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بیگ تلاش کیا اور اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ بیگ میں ایک آئی فون، 1200 امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے نقد، اے ٹی ایم کارڈز، قومی شناختی کارڈ سمیت دیگر قیمتی اشیاء موجود تھیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق تمام سامان بحفاظت برآمد ہونے کے بعد ضروری تصدیقی کارروائی مکمل کی گئی، جس کے بعد بیگ اور اس میں موجود تمام قیمتی اشیاء اصل مالک کے حوالے کر دی گئیں۔
موٹروے پولیس کی اس بروقت کارروائی اور دیانتداری کو شہریوں نے سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔