محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے یکم سے 6 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں، جن میں مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ اور حویلی شامل ہیں، بارش متوقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں یکم سے 5 جولائی تک مختلف مقامات پر بارشوں کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 3 سے 6 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ملتان اور خانیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں یکم سے 5 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے جبکہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارشوں کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ موسلا دھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔



