میری وزارت سمیت تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے، نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی پر وزیراعظم کو جوابدہ ہیں، اس لیے ان کی وزارت سمیت تمام وفاقی وزارتوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن اور آڈٹ کرایا جائے اور اس کے نتائج عوام کے سامنے پیش کیے جائیں۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بطور وزیر ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ ہر وزارت کی غیرجانبدارانہ جانچ ہو تاکہ عوام کو اصل حقائق معلوم ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاسوں میں ان کی حاضری تقریباً 70 فیصد رہی ہے اور وہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ وزارتِ داخلہ کا بھی آزادانہ آڈٹ کرایا جائے اور جو نتائج سامنے آئیں، انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں گزشتہ 80 برس سے جاری نظام ناکام ثابت ہوا ہے، اگر نظام درست انداز میں چل رہا ہوتا تو پاکستان آج کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہوتا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وہ حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے اپنی ہی حکومت پر تنقید یا چارج شیٹ نہیں کر سکتے، تاہم موجودہ حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ریونیو میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور ایف بی آر میں اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں، اور اگر حالات مزید سازگار ہو جائیں تو حکومت موجودہ نتائج سے بھی کئی گنا بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم اپنی آئینی مدت کے مطابق پانچ سال مکمل کریں گے اور موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button