حوثی حملوں کے باعث سعودی ایئرپورٹس بند، پاکستان میں 114 پروازیں منسوخ، 77 تاخیر کا شکار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثی حملوں کے باعث فضائی آپریشن محدود ہونے سے پاکستان کی اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 114 پروازیں منسوخ یا غیر فعال رہیں، جبکہ 77 پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پاکستان سے ریاض جانے اور وہاں سے آنے والی مزید 28 پروازیں بھی آج منسوخ کر دی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطے متاثر ہو رہے ہیں۔
فضائی آپریشن میں خلل کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کے لیے روانہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب کراچی سے جدہ جانے والی دو پروازیں، جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک، ایک پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔
لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں بھی پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اس کے علاوہ لاہور سے اسکردو جانے والی چار پروازیں ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔
سعودی عرب میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کے اثرات پاکستان کے اندرونی فضائی نظام پر بھی پڑے ہیں۔ کراچی سے لاہور جانے والی پانچ پروازوں میں تین سے آٹھ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی سات پروازیں ایک سے پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایئرلائنز کے شیڈول میں تبدیلیوں کے پیش نظر مسافروں کو سفر سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے معلوم کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔



