خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے بعد معمولاتِ زندگی بحال، ایبٹ آباد، کرک اور چترال میں جشن

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں روزمرہ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ ایبٹ آباد، کرک اور چترال میں نئے انتظامی سیٹ اپ کے حق میں شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ریلی نکالی۔
دنیا نیوز کے مطابق پشاور، چترال، باجوڑ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے ہیں، جبکہ شہری معمول کے مطابق اپنی روزمرہ مصروفیات میں مشغول ہیں۔ سیاسی صورتحال میں تبدیلی کے باوجود مختلف شہروں میں کاروبارِ زندگی متاثر نہیں ہوا اور معمولات برقرار ہیں۔
دوسری جانب ایبٹ آباد، کرک اور چترال میں صوبے کے نئے سیٹ اپ کے حق میں تقریبات اور سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔ کرک میں شہریوں نے ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔
ایبٹ آباد میں نئے سیٹ اپ کی حمایت میں ریلی نکالی گئی، جبکہ چترال میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا گیا۔
صوبے میں سیاسی اور انتظامی تبدیلیوں کے بعد مختلف علاقوں میں شہری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ بعض شہروں میں نئے سیٹ اپ کے حق میں تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔



