محسن نقوی کی ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات، دہشت گردی اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات کی، جس میں انسداد دہشت گردی، سائبر کرائم اور دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں فریقوں نے سائبر تحقیقات کے لیے جدید وسائل، تکنیکی معاونت اور خصوصی تربیتی پروگرامز کی فراہمی پر گفتگو کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات خوشگوار رہی، جس میں غیر قانونی امیگریشن، انسداد دہشت گردی اور افسران کے تبادلے کے پروگرامز سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے کاش پٹیل کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مہارت اور مقصدیت انہیں پاکستان کے لیے ایک مؤثر شراکت دار بناتی ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعاون کا مقصد دہشت گردی کی مالی معاونت روکنا اور سائبر جرائم کی تحقیقات کی صلاحیت کو پاکستان سمیت عالمی سطح پر مزید مؤثر بنانا ہے۔
ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری اہم ہے، جبکہ ایف بی آئی خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔



