ایران میں بڑی سکیورٹی تقرری، مجتبیٰ خامنہ ای نے محسن رضائی کو اہم ذمہ داری سونپ دی

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے سینئر مشیر اور سابق پاسداران انقلاب کمانڈر محسن رضائی کو اہم نئی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محسن رضائی کو ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نمائندہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر کے سینئر مشیر کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
محسن رضائی ایران کی سکیورٹی اور دفاعی امور میں وسیع تجربہ رکھنے والی اہم شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ وہ طویل عرصے تک پاسداران انقلاب کی قیادت کر چکے ہیں اور 1981ء سے 1997ء تک سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر رہے۔
ایرانی سیاسی و سکیورٹی حلقوں میں محسن رضائی کو سپریم لیڈر کے قریبی اور بااعتماد ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سکیورٹی معاملات میں ان کے طویل تجربے کے باعث نئی ذمہ داری کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
محسن رضائی کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں بطور نمائندہ تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور پیچیدہ سکیورٹی صورتحال کا سامنا ہے۔



