مودی کا اطالوی وزیراعظم کو ٹافیوں کا تحفہ، ملک بحران میں ہے وزیراعظم ریلز میں مصروف ہیں،راہول گاندھی

میلان(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹلی کے اپنے سرکاری دورے کے دوران اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو ٹافیوں کا تحفہ پیش کیا۔
اطالوی وزیر اعظم نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر نریندر مودی کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’وزیر اعظم مودی ہمارے لیے بہت اچھی ٹافیوں کا تحفہ لائے ہیں‘۔
اس ویڈیو کو بھارت میں مودی کے حامیوں نے خوشگوار سفارتی اقدام قرار دیا تو دوسری جانب اپوزیشن نے اس وائرل ویڈیو پر سخت تنقید کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیرِ اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور طلبہ کے احتجاج جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ وزیرِ اعظم ریلز بنانے میں مصروف ہیں۔



