گودھیار تنازع: مظاہرین کا کشمیر چوک مٹھی پر دھرنا، روڈ بلاک

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) گاؤم گودھیار مٹھی کے سومرا برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے سول ہسپتال مٹھی کے سامنے دیا گیا احتجاجی دھرنا ختم کرکے دوبارہ کشمیر چوک مٹھی پر دھرنا دے دیا گیا، جس کے باعث مرکزی سڑک بلاک ہوگئی اور ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک جوابدار گروپ کے بااثر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی، اس وقت تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ احتجاج میں شریک افراد نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ ان کے مطالبات سننے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔
مظاہرین کے مطابق تاحال ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی نمائندہ مذاکرات کے لیے نہیں پہنچا، جس کے باعث احتجاج جاری ہے۔
دوسری جانب امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے کشمیر چوک اور اطراف میں پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق صورتحال اس وقت نارمل ہے جبکہ حالات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔



