پاکستان آکر بہت لطف آتا ہے، موقع ملا تو پی ایس ایل کھیلنا پسند کروں گا، مچل مارش

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) مچل مارش نے کہا ہے کہ پاکستانی سپن باؤلنگ ہمیشہ بڑا چیلنج ہوتی ہے اور آسٹریلوی ٹیم اس کا سامنا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر ہمیشہ بہت لطف آتا ہے، یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے اور اگر موقع ملا تو وہ پاکستان سپر لیگ میں کھیلنا بھی پسند کریں گے۔

مچل مارش نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پریکٹس سیشن کے دوران 3500 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جبکہ سٹیڈیم اور اطراف کی عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

ادھر تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کیلئے آسٹریلوی ٹیم کا دوسرا گروپ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے، کھلاڑیوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم نے آئندہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button